نسبت اویسیہ
نسبت اویسیہ
شیخ عبدالقادر جیلانیؒ اپنے ملفوظات میں فرماتے ہیں ... اویسی نسبت کے بزرگ خال خال ہی پیدا ہوں گے - یہ ولایت میں اتنا بلند مرتبہ
ہے کہ اس نسبت کے بزرگ حضرت اویس قرنیؓ کی طرح گو بظاہر سرکار دو عالم صلی اللّه علیہ وآ له وسلّم سے دور اور فاصلہ پر نظر آ ئیں
گے لیکن جو قرب بےنظیر و بے مثال سرکار دو عالم صلی الّله علیہ وآ لِہ وسلّم سے سیدنا اویس قرنی کو نصیب تھا ... اویسی نسبت کے
بزرگ بھی اسی قرب اور وصل کی منزل پر ہوتے ہیں -
سرکار تاج الاولیاء پر اویسی نسبت غالب تھی ... آپ نے عقیدت مندوں اور زائرین کے بار بار اصرار پر کئی بار فرمایا ... حضرت
اعلان کردو ہمارے مرشد پاک ہمارے نانا جان حضرت محمّد مصطفےٰ احمد مجتبیٰ صلی اللّه علیہ وآ له وسلّم ہیں -
بابا تاج الدین اولیاء کے یہ بھی ارشادات ہیں ...
✶حضرت علی کرم الّله وجہہ الکریم نے ہم کو دو آلو کھلا دیئے جب سے ہم ایسے ہوگئے -
✶ جناب سیدہ فاطمتہ الزہرہ سلام اللّه علیہا نے ہم کو پیامبر بنا کر بھیجا ہے -
ہر ولی قوس ولایت میں اس وقت داخل ہوتا ہے جب جناب سیدہ سلام اللّه علیہا اس کی تربیت فرماتی ہیں -
حضرت سیدہ فاطمتہ الزہرہ سلام اللّه علیہا کی توجہ اور تربیت سے ہی طالب مرتبہ ولایت پر فائز ہوتا ہے ... یہی وجہ ہے کہ اس
میں عصمت آجاتی ہے - اس کا مطلب ہوا کہ قوس ولایت میں بابا تاج الدین کی تربیت جناب سیدہ سلام اللّہ علیہا نے فرمائی اور اتنی
ترقی دی کہ آپ کو اپنا پیامبر بنا کر عالم خلق میں مامور فرمایا -
سرکار بابا تاج الدین اولیاء روایتی پیری مریدی کے قائل نہ تھے ... سرکار تاج الاولیاء نے نہ کسی سے بظاہر بیعت کی اور نہ کسی بزرگ
کے خلیفہ ہیں اسی طرح بابا صاحب نے بھی کسی کو نہ اپنا مرید بنایا اور نہ خلیفہ -
حضرت میاں میر ؒ فرماتے ہیں ... سرکار دو عالم صلی اللّه علیہ وسلم کے زمانے میں پیری مریدی کا سلسلہ نہ تھا بلکہ ہم نشینی اور صحبت
تھی ، جس کی ہم پیروی کرتے ہیں - ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سرکار تاج الاولیاء اسی سنت پر عمل کرتے تھے ... اس لئے آپ کی حیات
ظاہری میں مرید ، خلیفہ اور سجادہ نشین نہیں ملتے بلکہ آپ کے فیض یافتہ حضرات اور عقیدت مند آپ کے بچے کہلائے -
اس سلسلے میں بابا صاحب کے فرامین ہیں کہ ... تجھے ہم نے پلٹن میں بھرتی کر لیا ... تیرا نام رجسٹر میں لکھ لیا ... جس نے ہمیں دیکھا وہ
ہمارا ہوگیا -
Comments
Post a Comment